میں نے سیسی اور عبداللہ دوم سے خفیہ ملاقات کی :نتن یاہو

کل ایک فلسطینی الخلیل شہر کے مغرب میں واقع یہودی بستی کے سامنے بیٹھے ہوئے (ا۔ف۔ب)
تل ابيب: نظير مجلی
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتنیاہو نے ایک سال پہلے عقبہ شہر میں مصری صدر عبد الفتاح سیسی اور اردنی فرمان روا شاہ عبد اللہ دوم سے ملاقات کی توثیق کی۔
کل عبرانی اخبار "ہارٹز” نے انکشاف کیا کہ تین ملکوں (اسرائیل، مصر اور اردن) کے رہنماؤں نے اس اجلاس کے دوران واشنگٹن کی طرف سے پیش کردہ "علاقائی امن پہل کاری کی شقوں” پر تبادلۂ خیال کیا؛ اس اجلاس میں سابق امریکی وزیر خارجہ جون کیری بھی شریک تھے، علاوہ ازیں اسرائیل کو بطور "یہودی ریاست” تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ عرب اور اسلامی ممالک کی حمایت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی پر بھی بات کی گئی۔
ایک اسرائیلی وزیر کی جانب سے وزارتی کابینہ کو اطلاع دیئے بغیر اس قسم کے سربراہی اجلاس کے انعقاد کی مذمت کرنے پر کل نیتن یاہو نے ہفتہ وار کابینہ کے اجلاس کے دوران کہا : "میں امن عمل کے لئے بہت کچھ کر رہا ہوں مگر سب کچھ ظاہر نہیں کر سکتا”۔ نیتن یاہو نے دعوی کیا کہ یہ اجلاس کیری نے نہیں بلکہ انہوں نے خود بلایا ہے۔
دوسری جانب مصری ایوان صدر نے اپنے جاری بیان میں اس ملاقات سے انکار نہیں کیا اور نہ ہی تصدیق کی ہے، لیکن بیان میں بلا کسی تعین کے "ہارٹز” کی رپورٹ کو «غلط معلومات» کہا گیا ہے۔