4 یمنی گوانتانامو سے سعودی عرب منتقل

کل ریاض ایئر پورٹ پر رہا کردہ عبداللہ شلبی اپنی والدہ کے قدم چومنے کے بعد ان کو ہدیہ کے طور پر ایک تسبیح پیش کرتا ہوا
ریاض: عبد الہادی حبتور
کل گوانتانامو کے جیل سے رہا کردہ چار یمنی قیدی یمن کے صدر عبد ربہ منصور ہادی کی درخواست پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی میزبانی میں ریاض پہنچے۔
سعودی وزارت داخلہ کے سیکورٹی کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے ایک بیان میں کہا کہ چاروں قیدیوں کے اہل خانہ سعودی عرب میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے ا س امر کی طرف اشارہ کیا کہ ان کے خاندان والوں نے یمن کی صورت حالات کو مد نظر رکھتے ہویے سعودی عرب میں اپنی میزبانی کی درخواست دی تھی۔
سیکورٹی کے ترجمان نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ ان کے سعودیہ عرب پہنچنے اور تمام سہولیات فراہم کئے جانے کی اطلاع ان کے والدین کو دے دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید اس بات کی بھی وضاحت کی کہ وہ سعودی عرب کے قوانین و ضوابط کے ماتحت رہیں گے جن کی بنیاد پر وہ شہزادہ محمد بن نائف سینٹر کے نصیحت ونگرانی پر مبنی پروگرام سے استفادہ کرتے رہیں گے۔
سعودی عرب نے اپریل 2016 میں کیوبا میں واقع امریکی جیل سے رہا نو قیدیوں کی بھی میزبانی کی تھی کیونکہ ان کے والدین نے یمنی صدر سے سعودیہ عرب میں میزبانی کی درخواست کی تھی لہذا یمنی صدر کے کہنے پر خادم حرمین شریفین نے ان کی مہمان نوازی کے احکامات جاری کئے تھے۔